اسلام آباد میں ناکے پر فائرنگ سے شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

Last Updated On 22 August,2019 11:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ناکے پر فائرنگ سے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

پولیس کانسٹیبلز ثقلین اور خرم کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائر اعجاز شاہ، آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان سمیت پولیس افسران اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ گذشتہ رات نامعلوم ملزمان نے آئی جی پی روڈ پر منڈی موڑ کے قریب پولیس ناکے پر فائرنگ کی جس سے دو اہلکار شہید اورایک زخمی ہو گیا۔

 ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی، اس کی عمر 24 سے 30 سال کے درمیان اور قد درمیانہ تھا، تحقیقات کیلئے دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔ استغاثہ زخمی اہلکار جہانزیب کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

 

Advertisement