ملک بھر میں دسویں محرم کے جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں

Last Updated On 10 September,2019 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں دسویں محرم کے جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی اور کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ ملتان، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ کے جلوسوں میں بھی عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

ملک بھر میں دسویں محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس مجلس عزا کے بعد نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس شام کو امام بارگاہ حسینیان ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ تبت سینٹر میں جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین ادا کی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، کشمور سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی جلوسوں میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

لاہور میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب بڑھ رہا ہے، جلوس کے شرکا نے رنگ محل کے مقام پر نماز ظہرین ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہر کے مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔

فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سمیت پنجاب کے چھوٹے شہروں میں بھی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، پشاور میں چھوٹی بڑی امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوئے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اسلام آباد میں بھی یوم عاشور پر جلوس نکالے جا رہے ہیں، راولپنڈی میں بھی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین بھی ادا کی۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔

 

Advertisement