جسٹس فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

Last Updated On 17 September,2019 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا، لارجر بینچ کے سربراہ عمرعطاء بندیال نے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کچھ جج صاحبان بینچ کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

 جسٹس طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن نے بنچ میں بیٹھنے سے معذرت کرلی۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے وکیل منیر اے ملک نے کہا الگ ہونے والے ارکان کا بڑا احترام ہے، یہ بات اپنے موکل کی طرف سے کہہ رہا ہوں۔ جسٹس طارق مسعود نے کہا میرے ذہن میں تھا، خود بھی بنچ میں نہیں بیٹھنا چاہتا تھا، درخواستیں مسترد بھی ہوتیں تو سپریم کورٹ کی طرف سے ہوتیں، اعتراضات کے بعد دلائل شروع ہوگئے اس لیے بات نہیں کرسکا، ہمارا حلف پابند کرتا ہے کہ ہر صورت انصاف کریں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ حلف بغیر کسی خوف انصاف کرنے کا پابند بناتا ہے، اپنے حلف کو قائم رکھنے کیلئے میرے ذہن میں کوئی شبہ نہیں، انصاف اور شفافیت اس ادارے کا تقاضا ہے، جو اعتراضات اٹھائے گئے وہ ناقابل جواز اور بے بنیاد ہیں، اعتراضات کے بعد سماعت کیلئے بیٹھنا مناسب نہیں سمجھتا، کیس میں مفاد نہ ہونے کے باوجود الگ ہو رہا ہوں، ہم نے تمام حالات میں حلف کا پاس رکھنا ہوتا ہے، ساتھی جج کی طرف سے تحفظات افسوسناک ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا جج کا کوئی مفاد نہیں ہوتا، مجھے ججز کا بڑا خیال ہے، کسی سائل کو ججز کے انتخاب کا اختیار نہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے وکیل منیر اے ملک نے بینچ پر اعتراض کیا تھا۔