وزیراعظم عمران خان اہم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

Last Updated On 19 September,2019 05:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بات چیت کریں گے۔

 وزیراعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب کی دعوت شہزاد محمد بن سلطان نے دی ہے۔ اپنے 2 روزہ قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان سعودی شہزادہ سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان ان ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے۔

 جدہ کے رائل ٹرمینل پر گورنر مکہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری ہمراہ ہیں۔