نیو یارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیو یارک میں ایران کے ہم منصب جواد ظریف سے ایک مرتبہ پھر ملاقات ہوئی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیو یارک میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال اور دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو ملاقات ہوئی تھی اس ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو کہا کہ ایران سعودی عرب معاملات کو سلجھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی صورتحال پر وزیراعظم کی پالیسی واضح ہے، عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران پر بغیر کسی سوچے جنگ شروع کی جاتی ہے تو وہاں (تہران) میں حالات خراب ہو جائیں گے، ہم پہلے ہی مغربی سرحد کی طرف مصروف ہیں، ہم ہر گز نہیں چاہیں گے کہ ایران کے بارڈر کے حالات خراب ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان ایران سعودی معاملات کو سلجھائے۔
۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ثالثی کا کہا، جس پر آمادگی ظاہر کی، ایرانی صدر حسن روحانی اور عمران خان کی ملاقات جلد ہونی ہے، ہم ایرانی صدر اور وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ بات کریں گے اور مسئلے پر ثالثی کریں گے اور دیکھیں گے کہ مسئلہ کیسے حل ہو سکتا ہے۔