رینی کنال منصوبے میں بے ضابطگیوں، تاخیر سے قومی خزانے کو 12 ارب کا نقصان

Last Updated On 29 September,2019 11:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رینی کنال کا منصوبہ پندرہ سال بعد مکمل تو ہوا لیکن کرپشن کی بڑی داستان رقم کر گیا۔ بے ضابطگیوں اور تاخیر سے قومی خزانے کو 12 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

رینی کینا ل گڈو کی تعمیر کا منصوبہ، بے ضابطگیوں اور تاخیر سے قومی خزانے کو 12 ارب روپے کے نقصان کا خصوصی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہو گیا۔

رپورٹ میں 19 سال کے آڈٹ اعتراضات کو شامل کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹر کے بروقت کام مکمل نہ کرنے پر1 ارب 19 کروڑ جبکہ نہر سے منسلک غیر ضروری تعمیرات کی وجہ سے ایک ارب 37 کروڑ روپے ڈوب گئے۔

خصوصی رپورٹ میں کہا گیا کہ نہر کا رخ غلط موڑ کر تعمیرات کی وجہ سے بھی قومی خزانے کو ایک ارب 28 کروڑ کا نقصان ہوا۔ رینی کینال کے ڈیزائن میں تبدیلیوں اور زمین کی خریداری میں خلاف ضابطہ ادائیگیوں سے بھی 86 کروڑ روپے ضائع ہوئے۔

رینی کینال گڈو کا منصوبہ 2001 میں شروع ہوا تھا، 2014 میں اس کا پہلا فیز جبکہ 2016 میں دوسرا فیز مکمل ہوا تھا۔