بزنس کمیونٹی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، درپیش مسائل سے آگاہ کیا

Last Updated On 03 October,2019 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کاروبار اور برآمدات میں حائل مشکلات سے آگاہ کیا، تاجر برادری نے نیب کے رویے پر بھی سخت تحفظات کا کیا۔

 وزیراعظم سے ملاقات میں ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدارن اور تاجروں کے نمائند گان نے شرکت کی۔ صنعتکاروں نے کہا کہ ملک کی تاجر برادری اس وقت عدم تحفظ کا شکار ہے، نیب کے رویے کی وجہ سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تاجروں کو تحفظ دیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب سے متعلق مسائل کے حل کے لیے کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ نیب اور کاروباری برادری سے متعلق معاملات کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ملک کا مستقبل معیشت کی ترقی سے وابستہ ہے چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں اور اس کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

صنعتکاروں نے وزیرِ اعظم کی تاجر برادری سے مسلسل ملاقاتوں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کو سراہا اور انہیں اقوام متحدہ کی تقریر پر خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے مصر کے تجارتی وفد نے بھی ملاقات کی اور دنوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا۔