اسلام آباد: تاجروں نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کی دھمکی دیدی

Last Updated On 07 October,2019 07:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تاجروں نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے معاملے پر حکومت کو تین دن کی مہلت، مطالبات پورے نہ ہونے پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کی دھمکی دے دی ہے۔

مرکزی تنظیم تاجران کے تحت ملک بھر سے آئے تاجروں نے مطالبات کی منظوری کے لیے ایف بی آر ہیڈ آفس تک ریلی نکالی تاہم ریلی کو انتظامیہ نے نادرا چوک پر روک لیا گیا۔

تاجر رہنماؤں اور ایف بی آر کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ حکام کی جانب سے تاجروں کو مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی گئی۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کاشف چودھری نے کہاکہ چھوٹا تاجر ڈاکومینٹیشن کی صلاحیت نہیں رکھتا، ہم ایف بی آر کو ود ہولڈنگ ٹٰیکس اکٹھا کر کے نہیں دے سکتے۔ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں ملک بھر کے چوک چوراہے بند کر دیں گے۔

کاشف چودھری نے کہا کہ چھوٹے تاجر سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کی آمدن میں اضافہ ہو۔ سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے ایف بی آر کی کرپشن کا دروازہ کھل جائے گا۔