حکومت کیساتھ کشیدگی، ن لیگ کا قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی سے مستعفی ہونیکا فیصلہ

Last Updated On 08 October,2019 09:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیاسی کشیدگی میں شدت آگئی۔ ن لیگ کا پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ سامنے آگیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی چھوڑ دیں گے۔ مسلم لیگ ن نے فیصلے کی توثیق کے لئے جمعرات کو پنجاب پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

پارلیمانی پارٹی سے توثیق کے بعد جمعہ کو کمیٹیوں کی سربراہی اور رکنیت سے استعفوں کا اعلان کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے یہ فیصلہ اپوزیشن لیڈر کو پی اے سی ون کی چیئرمین شپ نہ دینے پر کیا ہے۔

مسلم لیگی ارکان حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری نہ کرنے پر مسلم لیگ ن میں غصہ پایا جاتا ہے۔ مسلم لیگی قیادت نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت طے شدہ امور سے بھاگ گئی، مجبوراً انتہائی فیصلے کئے۔