وزیراعلی پنجاب نے ڈاکٹر کے احتجاج اور ہڑتال کو نوبل پروفیشن کے منافی قرار دیدیا

Last Updated On 10 October,2019 02:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر کے احتجاج اور ہڑتال کو نوبل پروفیشن کے منافی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا اگر ڈاکٹرز ہڑتال پر ہوں گے تو مریضوں کا کون چیک اپ کرے گا۔

اپنے بیان میں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی ڈاکٹرز کومنفرد اور امتیازی حیثیت دیتی ہے، ہسپتالوں میں آئے مریض علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز کی جانب دیکھتے ہیں، ہمارے ڈاکٹرز قابل، باصلاحیت اور پروفیشنل ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مطالبات منوانے کیلئے کام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، ڈاکٹرز کو ہڑتال کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے سرکاری فرائض سرانجام دینے چاہئیں، ایشوز کو مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ طے کیا جاسکتا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا ہمارا مشن ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کر کے ڈاکٹرز کو حقیقی مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے، ڈاکٹرز جتنی زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے، اتنی ہی دعائیں ملیں گی۔
 

Advertisement