آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چینی پی ایل اے کمانڈر سے ملاقات

Last Updated On 11 October,2019 09:55 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے دورے کے دوران پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پیپلز لبریشن آرمی کے سدرن تھیٹر کمانڈ کے کماندڈر ایڈمرل یوآن یوبائی سے ملاقات ہوئی ہے۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کمانڈر پی ایل اے سدرن تھیٹر کمانڈ کے مابین ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی امور اور پیشہ ورانہ نوعیت کے امور پر بات چیت کی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے کمانڈر اور وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چین کی عسکری قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا حامی ہے مگر عزت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چین کی عسکری قیادت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سوچ خطے میں امن کے لئے سود مند ہے۔ دونوں ملکوں کی فوجی قیادت نے اتفاق کیا کہ پاک، بھارت کشیدگی کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ملاقات میں خلیج کی صورتحال اور افغانستان میں امن کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس سے پہلے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
 

Advertisement