پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال 18 ویں روز میں داخل

Last Updated On 12 October,2019 12:21 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی ہڑتال 18 ویں روز میں داخل ہوگئی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ دیگر تمام سروسزسے بائیکاٹ جاری ہے، دور دراز سے آنے والے مریضوں نے مجبوراً نجی ہسپتالوں کا رخ کرلیا۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ہڑتال بدستور جاری ہے، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ او پی ڈیز اور دیگر سروسز معطل ہیں۔ 18 روز سے جاری ہڑتال کے باعث صوبے کے دور افتادہ اضلاع کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، علاج نہ ہونے کے باعث مریضوں نے مجبوراً بھاری فیسوں والے نجی ہسپتالوں کا رخ کرلیا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹروں سمیت گرینڈ ہیلتھ الائنس کے 15 ارکان کو مردان جیل سے رہا کردیا گیا ہے تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے ریجنل اینڈ ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا فیصلہ واپس لینے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔