وادی میں بربریت کا 75 واں روز، کشمیری اقوام متحدہ دفتر کی جانب مارچ کرینگے

Last Updated On 18 October,2019 11:22 am

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن 75 ویں روز میں داخل ہو گیا، کاروبار اور تعلیمی ادارے مسلسل بند ہیں۔

مقبوضہ وادی میں بھارتی جبری پابندیوں کا لاک ڈاؤن جاری ہے، نظام زندگی 5 اگست سے مفلوج ہے، دکانیں، کاروبار مکمل بند ہیں، تمام تعلیمی ادارے، سکول، کالج، یونیورسٹیز بھی خالی ہیں۔

وادی میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ کریں گے، پورے ہفتے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

یاد رہے گزشتہ روز ہزاروں کشمیریوں نے کرفیو اور دیگر پابندیاں توڑتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کے جنازے میں شرکت کی تھی۔