پاکستان کا بھارت کو آزاد کشمیر میں دہشگردوں کے ٹھکانے ثابت کرنیکا چیلنج

Last Updated On 21 October,2019 11:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے مبینہ ٹھکانوں کی نشاندہی کرے۔ اسلام آباد میں موجود سفیروں اور عالمی میڈیا کو بھی لائن آف کنٹرول کا دورہ کروایا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق غیر ملکی سفیروں کو 22 اکتوبر کو شاہ کوٹ، نوسیری اور جوڑا سیکٹر کا دورہ کروایا جائے گا اور انہیں ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان نے بھارتی ناظم الامور سے کہا ہے کہ بھارت آزاد کشمیرمیں دہشتگردوں کے مبینہ ٹھکانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دنیا کے سامنے اپنا جھوٹا اور بے بنیاد دعویٰ سچ ثابت کرے۔

اس مقصد کے لیے پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو ایل او سی پر لے جانے کی پیشکش بھی کر دی ہے۔ پاکستان نے دو ٹوک پیغام دیا کہ اگر بھارت جارحیت سے باز نہ آیا تو اس کے لئے صورتحال ناقابل برداشت ہو جائے گی اور اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق عالمی میڈیا کو بھی کنٹرول لائن پر لے جا کر زمینی حقائق سامنے رکھے جائیں گے۔