موجودہ سیاسی صورتحال میں سمجھ بوجھ کر قدم اٹھانا ہوگا، شیخ رشید

Last Updated On 21 October,2019 09:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان حالات کی سنگینی کا خود مطالعہ کریں، دھرنے سے حکومت خوفزدہ نہیں، میں حالات کوسمجھتا ہوں، یہ وقت ایسے کاموں کا نہیں ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارے سیاستدان میچور ہیں، انھیں ملکی سرحدوں کی صورتحال کا بخوبی ادارک ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں سمجھ بوجھ کر قدم اٹھانا ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہماری فوج تیار بیٹھی ہے، جو عقل کے اندھے یہ سمجھ رہے ہیں یہ جنگ روایتی ہوگی وہ غلط ہیں۔ جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہوگی۔ مودی پانی بند کرنے جا رہا ہے۔ لوگ سخت باتیں کرتے ہیں لیکن میں پرامید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں پاکستان ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ فری ٹریک پالیسی لا رہے ہیں۔ ایک سال میں ریلوے کے مسافروں میں اسی لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ خواہش ہے ریلوے کے مسافروں کی تعداد ایک کروڑ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کی کم تنخواہ تھی، ان کی تنخواہ میں اضافہ جبکہ اپنے ٹارگٹ سے کئی گنا زیادہ ہدف حاصل کیا ہے۔ ریلوے پولیس کی بنیادی تنخواہ میں پچاس فیصد اضافہ کیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار فری ٹریک پالیسی بنائی ہے۔ ہم مزید سامان اور سواری نہیں اٹھا سکتے، لہذا پرائیویٹ ٹرینیں چلائی جا سکتی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نئی ٹرینیں چلا رہے ہیں جن کی رفتار ایک سو ساٹھ کلومیٹر ہوگی۔ یہ ٹرین لاہور سے کراچی آٹھ گھنٹے میں پہنچے گی اور ڈھائی گھنٹے میں لاہور اور اسلام آباد کا سفر ہوگا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافہ ریلوے خود ہی برداشت کرے گا۔ ہم مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہم پر اعتماد کیا۔ ابھی ایک سو اٹستیس ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ کوشش ہے کہ ڈیڑھ سو ٹرینیں چلائیں۔ نجی ٹرینیں صرف ٹریک کا کرایہ دے کر چلائی جا سکیں گی۔
 

Advertisement