وزیراعظم کی ہنگامی بنیادوں پر خصوصی اقتصادی زونز پر کام شروع کرنیکی ہدایت

Last Updated On 23 October,2019 08:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ چین سے ٹیکنالوجی منتقل کرنے پر دیگر ممالک کی طرح خصوصی مراعات دی جائیں۔ کاروبار میں آسانی سے متعلق نمایاں بہتری لائے ہیں۔ معیشت میں بہتری اور اقتصادی مواقعوں سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے اور خصوصی اقتصادی زونز کے فعال ہونے کے فوائد پر آگاہی مہم چلائی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، عمر ایوب خان اور عبدالرزاق داؤد بھی شریک تھے۔

اجلاس میں موجودہ قانونی فریم ورک، مقامی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کاری پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بن قاسم، دھابیجی، رشاکئی اور حطار میں بجلی کی فراہمی کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔

خصوصی اقتصادی زونز کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کے لئے 3 ارب 75 کروڑ روپے دیئے جا رہے ہیں۔
 

Advertisement