العزیزیہ ریفرنس کا تحریری حکم نامہ جاری، وزیراعلیٰ عثمان بزدار منگل کو طلب

Last Updated On 27 October,2019 09:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ کیس میں مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو منگل کو عدالت طلب کرلیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو 29 اکتوبر بروز منگل کو طلب کیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر عثمان بزدار منگل کو پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ کیس: نواز شریف کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 29 اکتوبر بروز منگل دن ڈیڑھ بجے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عدالت آئیں۔

تحریری حکم نامے میں بتایا گیا کہ عدالت کی طرف سے جب آرڈر دیا گیا کہ چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے پوچھ کر بتایا جائے تو ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نیئر رضوی نے ہدایات لیکر بتایا کہ نیب کو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔

تحریری حکم نامہ میں مزید بتایا گیا کہ ہم مطمئن ہیں کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو بھی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، نواز شریف کی 29 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتی ہے۔