مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے: وزیر خارجہ

Last Updated On 28 October,2019 10:10 am

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، بین الاقوامی سطح پر اس کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔

خانیوال سے ملتان موٹروے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ستائیس اکتوبر کے سیاہ دن ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا اور آج ظلم کیساتھ کرفیو جاری ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اس کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔

انہون نے تصدیق کی کہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں پر ہی نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے رہے جس کے بارے میں ہندوستان کو آگاہ کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کے باعث ہی دنیا بھی کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیساتھ یوم سیاہ منا رہی ہے۔ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رہیگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے حوالے سے فیصلہ عدالت کو کرنا ہے جس کا انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی مارچ کے سلسلے میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے مذاکرات مثبت رہے، اس حوالے سے سات نکاتی معاہدہ بھی سامنے آ چکا ہے جس میں آزادی مارچ کے شرکا کو تعلیمی اداروں اور دفاتر کیساتھ دیگر سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچانے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔