کرتار پور راہداری کا افتتاح، سکھ برادری کیلئے گانا ریلیز

Last Updated On 05 November,2019 11:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کی سکھ برادری کا دل جیتنے کے لیے پاکستانی حکومت کی طرف سے کرتار پور راہداری کے افتتاح پر ایک گانا ریلیز کیا گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سکھ برادری سے خیر مقدمی کا بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایک گانا ریلیز کیا ہے، اس گانے میں پاکستانی حکومت کی طرف سے سکھ برادری سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔

 

اس گانے میں وزیراعظم عمران خان کے چند الفاظ بھی سنے جا سکتے ہیں جس میں وزیراعظم کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ راہداری کھولنے کا مقصد دنیا بھر کی سکھ برادری کو اپنی مذہبی فرائض کی انجام دہی کے لیے آزادی فراہم کرنا ہے۔

یہ گانا وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی طرف سے ریلیز کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی مشیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اس گانے کو ریلیز کرنے کا مقصد امن کو فروغ دینا، پیار اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ کرنا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے جس میں شرکت کے لیے سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ منموہن سنگھ نے ایک عام شہری کی حیثیت سے تقریب میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔

بھارت نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 575 افراد کی فہرست پاکستانی حکام کو بھیجوا دی ہے تاہم اس میں نوجوت سنگھ سدھو کا نام شامل نہیں تھا اس لیے انہیں بھی باقاعدہ دعوت دی گئی۔
 

Advertisement