مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کریگا: وزیراعظم

Last Updated On 06 November,2019 10:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا۔ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کو لوکل سطح پر منتقل کرنا ہے۔ تعمیر وترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔

وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وزیرِاعظم کے مشیر برائے سٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے اسد عمر، ایم این اے راجا خرم نواز اور دیگر شریک تھے۔

بریفنگ میں اسلام آباد کیلئے تجویز کردہ نئے لوکل گورنمنٹ نظام کے خدوخال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے وفاقی دارالحکومت کے لئے مقامی حکومت کے نئے نظام کے حوالے سے تجاویز کو سراہا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام میں میئر کا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور روزمرہ کے معاملات کی ذمہ داری میئر کو سونپی جائے گی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے گفتگو میں کہا کہ مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا۔ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کو لوکل سطح پر منتقل کرنا ہے۔ تعمیر وترقی اور مسائل کا حل مقامی طور پر ممکن بنایا جا سکے گا۔