پاکستان میں تبدیلی آگئی، کرتار پور اس کا عملی ثبوت ہے: شاہ محمود قریشی

Last Updated On 09 November,2019 03:32 pm

کرتاپور: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آگئی، کرتار پور اس کا عملی ثبوت ہے، پوری دنیا پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے، 72 سال ہوگئے ایک وعدہ بھارت نے بھی کیا تھا، کشمیری منتظر ہیں، آئیں مل کر راستہ نکالیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سکھوں کیلئے کرتار پور کھول دیا گیا ہے، امریکا، برطانیہ، یورپ سے آکر پاکستانیوں کی مہمان نوازی دیکھیں، آج ہمیں اپنے گریبانوں میں دیکھنا ہے، دیکھنا ہوگا برصغیر میں نفرت کے بیج کون بو رہا ہے ؟ آج محبت کی راہداری کا افتتاح ہوا ہے، مذہبی اور باہمی اعتماد کے رشتہ کا عملی مظاہرہ آج دنیا دیکھ رہی ہے۔

 کرتار پور راہداری کے افتتاح کے دن بابری مسجد کیس کا فیصلہ معنی خیز 

وزیر خارجہ کا کہنا تھا آج نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے، اس کا سہرا عمران خان کو جائے گا، بابا گرونانک نے محبت کا پیغام دیا، محبت کے بیج بوئے، کاش یہ پیغام کشمیر کی وادی میں بھی پھیل جائے، خطے میں نفرت کا ذمے دار کون ہے، اس پر غور کرنا چاہیے، پاکستانی حکومت معاشی اور محبت کی راہ داری پر کام کر رہی ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی راہ داری ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا تبدیلی آنہیں رہی، تبدیلی آگئی ہے، کرتارپور عملی ثبوت ہے، عمران خان نے ایک سال پہلے بھارت کے عوام سے وعدہ کیا تھا، وزیراعظم نے کہا تھا محبت کی راہ کھول کر دکھاؤں گا، وعدہ پورا ہوا، آج نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے، اس کا سہرا عمران خان کو جائے گا۔
 

Advertisement