وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی

Last Updated On 10 November,2019 03:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، انہوں نے تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام سے متعلق محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی۔

یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گردونواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔

وزیراعلی نے مزید کہا کہ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے۔ 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد سے جلد نشاندہی کی ہدایت بھی کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک برس کے دوران صوبے میں 8 یونیورسٹیاں اور 5 انسٹی ٹیوٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے تھل یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔