ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی

Last Updated On 10 November,2019 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہر شہر، گلی گلی اور قریہ قریہ جلوس نکالے گئے۔ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی شریک تھے۔ جگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن، ہر سو درودو سلام کی صدائیں، شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔

کراچی میں جشن ِعید میلاد النبی ﷺ پر عاشقان رسول میں بھرپور جوش وخروش دیکھا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ بڑوں کے ساتھ بچے بھی پیش پیش رہے۔ جگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

لاہور میں تنظیم مشائخ پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب پریس کلب سے ریلی نکالی گئی۔ شہریوں نے اپنے اپنے انداز سے آقائے دو جہاں ﷺ سے عقیدت کا اظہار کیا۔

فیصل آباد میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ملتان میں بھی مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جس میں آقا ﷺ کے دیوانوں کا جذبہ دیدنی تھا۔

گوجرانوالہ میں بھی ریلیوں کے دوران لنگر تقسیم کیا گیا۔ کوئٹہ میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ریلی باچا خان چوک تک نکالی گئی۔ جلوسوں کے دوران علمائے کرام نے سیرت نبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول ﷺ نے بھی ریلیوں میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔ فضا درود وسلام سے گونجتی رہی۔ ملک کے چھوٹے شہروں میں بھی شہری جشن ِعید میلاد النبی ﷺ پر اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

 

Advertisement