کراچی میں ڈینگی، نیگلیریا اور کانگو مزید 3 زندگیاں نگل گئے

Last Updated On 11 November,2019 08:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رواں برس ڈینگی سے 33 اور نیگلیریا 16 اموات ہوئیں۔ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ مزید 264 مریض رپورٹ ہوئے۔ چھاچھرو کا رہائشی سنیل کانگو کے باعث کراچی کے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈینگی، نگلیریا اور کانگو بے قابو، آج بھی 3 جانیں لے لیں۔ ناظم آباد کا رہائشی نادر علی نجی ہسپتال میں ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا۔ رواں برس ڈینگی وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 33 ہوگئی۔ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر سے مزید 264 کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

ادھر نگلیریا کے باعث نیو کراچی کا رہائشی 28 سالہ وکیل خان جان سے گیا۔ وکیل خان کو چار دن پہلے شدید بخار کی حالت میں نجی ہسپتال لایا گیا تھا۔گزشتہ روز ڈاکٹرز نے نگلیریا کی تصدیق کی تھی۔ رواں برس نیگلیریا سے ہونے والی اموات 16 ہو گئیں۔

دوسری طرف چھاچھرو تھرپارکر کا رہائشی سنیل کمار کانگو وائرس سے دم توڑ گیا۔ 36 سالہ سنیل کو 8 نومبر کو کراچی کے نجی ہسپتال لایا گیا تھا۔ رواں برس کانگو وائرس سے 19 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 40 سے زائد
کیسز رپورٹ ہوئے۔