ہزارہ موٹروے ن لیگ کا تحفہ، نالائق افتتاح کر رہے ہیں: مریم اورنگزیب

Last Updated On 18 November,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہزارہ موٹروے ن لیگ کا تحفہ، نالائق اعظم افتتاح کر رہے ہیں ، وزیراعظم اُس شخص کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں جس کے منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں۔ نوازشریف کے ایک اور منصوبے پر نالائق کے نام کی تختی لگائی گئی۔

ہزارہ موٹروے کے حویلیاں تھاہ کوٹ سیکشن کی افتتاحی تقریب پر وزیراعظم عمران خان کے بعد رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ تو کہتے ہیں سب چور ہیں تو پھر چوروں کے منصوبوں کا افتتاح کیوں کر رہے ہیں۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان آج پورے ملک کی طرح آپ بھی نواز شریف کو دعا دیتے جس نے پاکستان کو ہزارہ موٹروے کا منصوبہ دیا، کسی کو بھی معاف کرنے والی ذات اللہ کی ہے۔ شہباز شریف سے حسد نے آپ کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب شہباز شریف نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور آپ نے نفرت کی جس کی نشانیاں دونوں کے چہروں سے عیاں ہے۔ عمران صاحب وہ لوگ کون ہیں اور کہاں ہیں جن کو آپ چھوڑیں گے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎آج نوازشریف کے ایک اور منصوبے پر نالائق کے نام کی تختی لگائی گئی۔ ‎ہزارہ موٹروے کی تعمیر کی تکمیل سے قائد محمد نوازشریف کا آج ایک اور خواب پورا ہو گیا۔ ‎ نواز شریف کے منصوبوں کا 100 سال بعد بھی افتتاح ہو گا تب بھی ن لیگ منصوبے ہی ہونگے۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ شریف برادران اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ہزارہ کے عوام کو تحفے کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، ‎ہزارہ اورخیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ نوازشریف کا ایک اور وعدہ آج پورا ہوگیا۔ ‎ہر سڑک، ہر موٹروے اور ہر رابطے کی تکمیل پر آج قوم کے منہ سے ایک ہی بات نکل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎لاہور ملتان اور ملتان سکھر موٹروے ایک سال سے مکمل ہے، نالائق سے افتتاح بھی نہیں ہورہا، ‎آج نوازشریف کے اسی منصوبے پر نالائق تختی لگارہا ہے جس پر تنقید کیا کرتے تھے۔ ‎
 

Advertisement