ماڈل کورٹس نے ملکی عدالتی تاریخ کو بدل دیا: چیف جسٹس

Last Updated On 18 November,2019 10:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا ہے کہ ماڈل کورٹس کی وجہ سے عوام میں فوری انصاف کی فراہمی کا اعتماد بحال ہوا ہے، کورٹس نے عدالتی التوا کے الزام کو ختم کر دیا ہے اور پاکستان کی عدالتی تاریخ کو بدل دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے ماڈل کریمنل کورٹس کے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ججز میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ماڈل کورٹس ججز کو ایوارڈز سے نوازا۔

اعلامیہ کے مطابق ڈی جی ماڈل کورٹس سہیل ناصر نے ماڈل کورٹس سے متعلق رپورٹ پیش کی، پندرہ جولائی سے قائم ماڈل کورٹس میں کل 19316 سول مقدمات نمٹائے گئے۔ ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ کورٹس میں 18908 مقدمات نمٹائے گئے۔

اعلامیہ کے مطابق ماڈل کورٹس میں سب سے زیادہ مقدمات کا فیصلہ سنانے والے ججز کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ماڈل کورٹس سے قبل اتنا جلدی مقدمات نمٹانا خواب تھا، ماڈل کورٹس نے پاکستان کی عدالتی تاریخ کو بدل دیا ہے۔