سندھ کے وزرا اپنی کارکردگی درست کرلیں، بلاول بھٹو کی کابینہ ارکان کو تنبیہ

Last Updated On 19 November,2019 06:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میری سیاسی جدوجہد پر وزرا کی خراب کارکردگی پانی پھیر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے دو اجلاسوں کی صدارت کی۔ اس موقع پر سندھ حکومت کی کارکردگی پر وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے انھیں بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو نے اس موقع پر مختلف منصوبے جلد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزرا، معاون خصوصی، مشیران اور اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کیں، سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے صوبائی وزرا کی کارکردگی کا حساب مانگتے ہوئے کہا کہ سکیمیں کیوں مکمل نہیں ہو رہیں؟ ڈیڑھ سال میں کیا کام کیا؟ اس موقع پر وزرا نے بیوروکریسی کی شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرے پاس اچھی ساخت رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی موجود ہیں، میری سیاسی جدوجہد پر وزرا کی خراب کارکردگی پانی پھیر رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے اور سب عوام سے رابطے بھی بڑھائیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر سندھ حکومت مزید سکیمیں لائے۔

بلاول بھٹو نے کراچی میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کو جلد ازجلد شروع کرنے جبکہ مٹھی اور اسلام کوٹ کے آر او پلانٹس کو فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔