پی آئی اے کا کارنامہ: خواتین کو بلک ہیڈ سیٹوں سے اٹھا دیا، سٹیزن پورٹل پر شکایت

Last Updated On 21 November,2019 11:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائینز میں بلک ہیڈ سیٹوں کا معاملہ وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل تک جا پہنچا، معمر خاتون اور ان کی بھتیجی نے اضافی رقم دینے کے باوجود بلک ہیڈ سیٹس نہ ملنے پر وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایت کر دی۔

 اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی خواتین کو پرواز میں 60 پاؤنڈ اضافی ادائیگی کے باجود بلک ہیڈ سیٹوں سے اٹھایا دیا گیا۔ معمر خاتون اور ان کی بھتیجی نے وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر پی آئی اے والوں کی شکایت کر دی۔

واقعہ کیخلاف درخواست میں کہا گیا کہ ہم نے پرواز پی کے 701 کی اضافی گنجائش والی سیٹوں کے لیے اضافی 60 پاؤنڈ ادا کیے تھے تاہم کیپٹن انور زیدی اور ان کے عملے نے گراؤنڈ سٹاف اور عملے سے تصدیق کے بجائے خواتین کو حراساں کیا، سیٹوں سے نہ اٹھنے پر آف لوڈ کرنے کی دھمکی بھی دی۔ بزرگ خاتون یاسمین عارف دوران سفر کمر کی تکلیف سے دہائیاں دیتی رہی جبکہ بلک ہیڈ سیٹوں پر سفارشی مسافروں کو بٹھایا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع کر دی گئیں اگر شکایت درست ہوئی تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔