لاہور: تاجروں نے مال روڈ پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے دھرنے پر دھاوا بول دیا

Last Updated On 22 November,2019 05:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تاجروں نے سرکاری ملازمین کی جانب سے لگائے گئے کیمپ اکھاڑ دیئے جبکہ بیریئرز، کرسیاں اور میز بھی توڑ دیے، پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام رہی،

ہال روڈ کے تاجروں نے چیئرنگ کراس پر گزشتہ 12 دنوں سے دھرنا دئیے بیٹھے مظاہرین کو منتشر کرکے فیصل چوک کو ٹریفک کیلئے کھلوا دیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود دھرنا ختم نہ کرنا ہٹ دھرمی ہے، اگر ایسا ہی چلتا رہا تو تصادم بھی ہو سکتا ہے۔ تاجر رہنما نعیم میر کا کہنا تھا کہ مال روڈ پر آئے روز احتجاج سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

دوسری جانب مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، عدالت نے حکومت پنجاب کو حکم دیا تو ہمارے ساتھ مذاکرات کئے گئے، مذاکرات کے بعد جو فیصلہ ہوگا، اس کے بعد آئندہ لائحہ عمل دینگے۔