سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے: وزیراعظم

Last Updated On 02 December,2019 11:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے، سیاسی قیادت اوربیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ منظم جرائم، کرپشن، منی لانڈرنگ کا خاتمہ اوراحتساب حکومتی ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے حال ہی میں ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی شہزاد اکبر نے بھی شرکت کی جبکہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے بھی وزیراعظم سے الگ ملاقات کی۔

ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) واجد ضیاء نے وزیراعظم کو ملک کی بہترین خدمت کی یقین دہانی بھی کراتے ہوئے کہا کہ عزم کے ساتھ ملک کی بھرپور خدمت کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن،سائبرکرائمز،منی لانڈرنگ کیخلاف جنگ حکومت کااہم ایجنڈاہے۔ آپ اپنی ذمہ داریاں جہاداورقومی فریضہ سمجھ کرادا کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی کرائمز،امیگریشن سےمتعلقہ کرائم کیخلاف جنگ بھی اہم ایجنڈاہے۔ بلاامتیازاحتساب بھی پی ٹی آئی حکومت کااہم ایجنڈاہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیوروکریسی طرز حکومت اورعوام کی فلاح کےلیے بھرپورکردار ادا کرے۔ آپ اپنی ذمہ داریاں جہاداورقومی فریضہ سمجھ کرادا کریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوبے پناہ وسائل اورافرادی قوت سے نوازا ہے، نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت کی ضرورت ہے، بیورو کریسی نے وژن کو عملی جامہ پہناناہے، ملک کی تعمیروترقی کے لیے سیاسی لیڈر شپ نے وژن دینا ہے۔

معیشت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے بھی ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ 15 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے معیشت کے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا، ملکی وغیرملکی سرمایہ کا رمعاشی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے آج معاشی استحکام ہے۔

اس سے قبل معاشی ٹیم کے اہم اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت یقینی بنانے سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر حماد اظہر، خسرو بختیار، اسد عمر، عمر ایوب، حفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، اٹارنی جنرل اور فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال برآمدات 6 فیصد بڑھیں۔

معاشی ٹیم کے اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال اور عدالتوں میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے زیر التوا مقدمات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے مثبت معاشی رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت یقینی بنانے سے معاشی عمل تیز ہوا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور نوجوانوں کے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

ادھر وزیراعظم نے شہزاد اکبر کو معاون خصوصی برائے احتساب اور امور داخلہ مقرر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔