بااثر افراد معاشی فیصلوں میں اثر انداز ہوتے ہیں، اسد عمر

Last Updated On 03 December,2019 07:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کا کہنا ہے بڑے کاروباری اور بااثر افراد معاشی فیصلوں میں اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب اور شفافیت کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا کردار اہم ہے۔ ٹیکس وصولیوں کے لئے ایف بی آر حکام پر دباؤ بڑھانے کی بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال ہونا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار اسد عمر نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے نہیں بلکہ چھوٹے پیمانے پر بھی سرمایہ کاری کرکے ملکی ترقی میں ہاتھ بٹایا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل اکانومی تک ہر طبقے کو رسائی ہونی چاہیے۔

اسد عمر نے کہا کہ ڈیجٹلائزیشن کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کی جانچ کی جا سکتی ہے۔ احتساب اور شفافیت کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا کردار اہم ہے۔۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبوں، وزارتوں اور نجی شعبے کے اشتراک سے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔ تحقیقی آئیڈیاز رکھنے والوں کی فیصلہ سازی میں رسائی نہیں ہوتی۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا اپنا کر یہ دوری ختم کی جا سکتی ہے۔
 

Advertisement