ن لیگ نے حکومت سے تعاون نہ کرنے پر اعتماد میں نہیں لیا، بلاول بھٹو زرداری

Last Updated On 09 December,2019 09:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے حکومت سے تعاون نہ کرنے پر انھیں اعتماد میں نہیں لیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج وفاقی حکومت کا خواب ہے۔ کئی پیش گوئیاں کی گئیں مگر سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت اب بھی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کٹھ پتلی کے تماشے نہیں دیکھنا چاہتے۔ عمراں خان نے اپنی حکومت بچانے کیلئے سمجھوتہ کیا ہے۔ وہ نواز شریف کو باہر بھیج کر کہتے ہیں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہو چکی تھی اور آصف زرداری پر صرف الزامات ہیں اور کوئی الزام ثابت بھی نہیں ہوا لیکن وہ پھر بھی جیل میں ہیں۔ طبی بنیادوں پر نواز شریف کو ریلیف ملنا ان کا حق تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری کی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ اگر ضمانت ہوئی تو انھیں کراچی کے ہسپتال میں منتقل کریں گے۔ امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی حکومت عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے، صرف مخالفین کو دباؤ میں رکھنے کے لیے حربے استعمال کرتے ہیں۔ حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے لیکن ہم تمام تر دباؤ کے باجود خاموش نہیں ہوں گے۔

 

Advertisement