لیگی قیادت مال اور آل کیساتھ بیرون ملک جا چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 18 December,2019 12:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لیگی قیادت مال اور آل کے ساتھ بیرون ملک جا چکی ہے، سیاسی سانسیں جاری رکھنے کیلئے رہنماؤں کو سیمینار کرانے پر لگا دیا۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا معیشت پر کانفرنس کرنے کے بجائے اسحاق ڈار کو واپس بلائیں جس نے پاکستان کی عمارتیں اور شاہراہیں بھی گروی رکھ دیں،ارسطو بن کر لیکچر دینے والوں نے معیشت کی ناؤ ڈبوئی، اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ؟۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا احسن اقبال صاحب کاش ملکی معیشت کی فکر آپ نے اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی ؟ تین دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے، آل شریف نے عوام کا کاروبار بند کر کے اپنی آل اولاد کے کاروبار کے تسلسل کو تقویت دی۔
 

Advertisement