مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکلے گا یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ کر لیا گیا

Last Updated On 18 December,2019 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اہم اجلاس تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا۔ نیب نے اجلاس میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالا جائے۔

نیب حکام کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کو صحت کے مسائل بھی درپیش نہیں، اس کے علاوہ وہ چودھری شوگر ملز کیس میں بھی مطلوب ہیں، ان کا ٹرائل چل رہا ہے، ایسے میں انھیں باہر بھیجنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اجلاس میں شریف خاندان کی نمائندگی کرنے والے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کسی ادارے کو مطلوب نہیں، اس کے علاوہ وہ کسی عدالتی پیشی سے بھی کبھی غیر حاضر نہیں رہیں۔

اس کے بعد وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جسے آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔
 

Advertisement