پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت سے روکنے کا بیان بے بنیاد: سعودی عرب

Last Updated On 21 December,2019 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے کوالالمپور سمٹ میں پاکستان کو شرکت سے روکنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کر دی۔ سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہے۔

پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبریں بے بنیاد ہے، پاکستان کو سمٹ میں شرکت سے روکنے کیلئے کسی قسم کی دھمکی دینے کی بھی تردید کرتے ہیں۔

سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی گہرے تذویراتی تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بیشترعلاقائی، عالمی بالخصوص امت مسلمہ کے معاملات سے متعلق اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا سعودی عرب ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور ساتھ دیا تا کہ پاکستان ایک کامیاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکے۔
 

Advertisement