مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سفارشات وزیراعظم کو ارسال

Last Updated On 21 December,2019 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کی درخواست پر سفارشات تیار کر لی گئیں۔

ترجمان وزارت قانون کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کی درخواست پر سفارشات تیار کی ہیں، ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پرسفارشات وزیراعظم کو بھجوا دی گئیں ہیں، نام ای سی ایل سے نکالنے یانہ نکالنے کاحتمی فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوگا۔

یاد رہے گزشتہ روز نیب نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی تھی۔ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دوسری درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ،چیئرمین اورڈی جی نیب کوفریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ مریم نواز کا نام بغیر نوٹس دئیے ای سی ایل میں شامل کیا گیا، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کامیمورنڈم بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت نے نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق فیصلہ نہیں کیا،عدالت نے حکومت کو 7 روزکاوقت دیا تھاجومکمل ہوچکا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کونام ای سی ایل سے نکالنے کاحکم دیاجائے،حتمی فیصلے تک 6 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
 

Advertisement