2019ء کا آخری سورج مغرب کی آغوش میں جا سویا،پاکستانیوں کی ملک کیلئے دعائیں

Last Updated On 31 December,2019 10:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں لوگوں نے دلفریب نظارہ کیا۔ نئے سال میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصٰ دعائیں بھی مانگی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دو ہزار انیس کا سورج غروب ہو چکا ہے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں نئے سال 2020ء کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر زبردست آتشبازی کے ذریعے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منا کر نئے سال کا استقبال کیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر نئے سال کا آغاز الٹی گنتی سے کیا گیا اور رات 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی کی گئی جس سے آسمان رنگ ونور کی روشنیوں میں نہا گیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا میں بھی نئے سال کا آغاز ہو گیا۔ سڈنی ہاربر بریج پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ہزاروں افراد نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے موجود ہیں۔

ادھر پاکستان سمیت دیگر ممالک میں نئے سال کی آمد پر جشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ملک بھر میں سخت ترین سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تلخ اور حسین یادوں کے ساتھ 2018ء کا آخری سورج غروب