مسلح افواج کے قوانین میں ترامیم سے متعلق تینوں بل قائمہ کمیٹیوں سے منظور

Last Updated On 03 January,2020 03:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع نے مسلح افواج کے قوانین میں ترامیم سے متعلق تینوں بل منظور کرلئے۔ تینوں بلز کی قائمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں منظوری دی گئی۔

 سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر قانون فروغ نسیم، مشاہد حسین سید، شیری رحمان و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں آرمی ایکٹ، نیول ایکٹ، ایئر فورس ایکٹ ترمیمی بلز پر غور کیا گیا۔

اس سے قبل سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے وقفہ سوالات معطل کرنے کی تحریک پیش کی۔ جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی ایکٹ 1952ء میں مزید ترمیم کا بل 2020، پاکستان ایئرفورس ایکٹ 1953ء اور پاک بحریہ ایکٹ 1961 میں ترمیم کے بل ایوان میں پیش کیے۔ بل پیش ہونے کے ساتھ ہی اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔