پشاور: چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 گیس لیکج دھماکے، بچوں اور خواتین سمیت 16افراد زخمی

Last Updated On 07 January,2020 10:59 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران گیس لیکیج اور سلنڈر پھٹنے کے تین واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے۔

معمولی بے احتیاطی بعض اوقات بڑے نقصان کا پیش خیمہ بن جاتی ہے اور یہی بات پشاور میں 24 گھنٹے کے دوران گیس لیکیج کے تین دھماکوں میں 16 افراد کے زخمی ہونے پر درست ثابت ہو گئی۔

پشاور کے علاقے افغان کالونی میں واقع امین پلازہ میں گیس لیکیج کے باعث فلیٹ کے اندر دھماکے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، دھماکے سے تین منزلہ عمارت میں شیشے، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے، قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

دوسرا واقعہ بھی صبح صادق انقلاب روڈ پر پیش آیا جہاں مقامی شہری کے گھر میں سلنڈر پھٹنے سے 5افراد جھلس گئے جبکہ گذشتہ روز بھی گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

شہریوں کے مطابق ناقص میٹیریل سے تیار کردہ سلنڈر اور گیس لیکیج ناخوشگوار واقعات کا سبب بن رہے ہیں، دھماکوں کا سبب گیس لیکج یا غیر معیاری سلنڈرز کا استعمال ہے اس کا پتا تو فائر انیوسٹی گیشن کے بعد ہی لگے گا تاہم متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور معیاری آلات کا استعمال کریں۔