قبائلی اضلاع میں بلدیاتی نظام رائج کرنے کے لئے تیاریاں شروع

Last Updated On 09 January,2020 06:27 pm

پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں بلدیاتی نظام رائج کرنے کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ خواتین اور مردوں پر مشتمل 120 سفیر بلدیات تعینات کر دیئے گئے۔

تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع میں بلدیاتی نظام سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور شہریوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے سفیر بلدیات منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ 120 سفیر بلدیات اپنے قبائلی علاقوں میں خصوصی آگاہی مہم چلائیں گے۔

منصوبے کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات کامران بنگش کا کہنا تھا کہ سفیر بلدیات ضم شدہ اضلاع میں امید اور امن کا پیغام دیں گے جبکہ مقامی حکومت، انضمام اور دیگر امور سے متعلق بھی عوام کو آگاہ کریں گے۔

نئے تعینات ہونے سفیر کہتے ہیں کہ اپنے علاقوں میں بلدیاتی الیکشن اور لوکل گورنمنٹ سسٹم سے متعلق اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سر انجام دیں گے۔ سفیر بلدیات کی تعیناتی سے قبائلی اضلاع میں آئندہ انتخابات کے دوران کم ٹرن آئوٹ کی شرح بھی بہتر ہو سکے گی۔