چیف الیکشن کمشنر کی تقرری: حکومت اور اپوزیشن نئے نام لانے پر متفق

Last Updated On 10 January,2020 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر ڈیڈ لاک کے خاتمے پر پیش رفت، حکومت اور اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کے لئے نئے نام لانے پر متفق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اور حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے دیئے گئے نام واپس لے لئے، حکومت اور اپوزیشن چند روز میں دوبارہ نئے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کرے گی، آئندہ ہفتے چیف الیکشن کشمنر اور ممبران کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے نئے آٹھ ناموں کی ابتدائی فہرست بنا لی، حکومت نے نئے ناموں کی چھان بین اور ٹریک ریکارڈ دیکھنا شروع کر دیا۔ اپوزیشن اور حکومت میں ڈیڈ لاک آنے پر نئے نام لائے جا رہے ہیں۔

خیال رہے حکومت نے پہلے بابر یعقوب، فضل عباس میکن، عارف خان کے نام تجویز کئے تھے جبکہ اپوزیشن نے ناصر کھوسہ، جلیل عباس جیلانی، اخلاق تارڑ کے نام تجویز دیئے تھے۔