امید ہے ایم کیو ایم متحدہ بانی کے نقش قدم پر نہیں چلے گی، سعید غنی

Last Updated On 12 January,2020 06:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادیوں سے گزارش کروں گا کہ چند نشستوں کی وجہ سے ظلم کا حصہ نہ بنیں، امید ہے ایم کیو ایم متحدہ بانی کے نقش قدم پر نہیں چلے گی۔

سعید غنی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ ایسی حکومت سے جان چھڑائے۔ نوجوانوں کے پاس بلاول بھٹو کے علاوہ کوئی اور چوائس نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی منحوس حکومت ہے جس میں غریب کے ساتھ ساتھ امیر بھی رو رہا ہے۔ حکومت کو مزید وقت دیا توایک وقت کا کھانا بھی مشکل ہو جائے گا، اگر یہ پانچ سال رہ گئے تو لوگوں کوزندہ رہنے کا حق بھی نہیں ملے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اتحادی بھی انہیں نالائق اور نااہل کہہ رہے ہیں۔ ایم کیو ایم اور بی این پی ان سے ناراض ہے۔ حکومت کا گناہ اتحادیوں کے سر پر بھی آ رہا ہے۔ بلاول نے اتحادیوں سے کہا لوگوں کی ان سے جان چھڑائیں۔