بارش کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق، 22 زخمی

Last Updated On 13 January,2020 12:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کے باعث چھتیں گرنے سے بچی اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔ دو بھینسیں بھی چھت گرنے سے ماری گئیں۔

موسلا دھار بارش سے چھتیں منہدم، قیمتی انسانی جانیں ضائع، متعدد زخمی ہو گئے، جام پور کی قریبی بستی میں بارش سے مکان کی چھت گر نے سے 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو جام پور منتقل کر دیا گیا۔

سکھر کے علاقےنیو پنڈ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی، جاں بحق ہو گئی۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔

جھنگ میں بھی بارش سے چھت گری، ملبے تلے دب کر ایک لڑکی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ ننکانہ واربرٹن، کھوکھراں گاؤں میں بھی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔

اٹک کے گاؤں شکردرہ محلہ ڈھوک ذوالفقاریاں میں گیس لیکیج نے گھر کی چھت گرا دی، حادثے میں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے، خانیوال کے علاقے ممدال میں مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر دو لڑکیاں موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔ چھت گرنے سے 2 بھینسیں بھی ماری گئیں۔

قصور کے علاقے کلچہ معدونا میں بارش مکان کی چھت کو لے بیٹھی۔ تین افراد ملبے تلے دبنے سے زخمی ہو گئے، بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔
 

Advertisement