نیب آرڈیننس میں سقم، اسلام سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا جا سکتا: اسلامی نظریاتی کونسل

Last Updated On 13 January,2020 05:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل نے قرار دیا ہے کہ نیب آرڈیننس میں اس قدر سقم ہیں کہ اسے دین اسلام سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الزام پر ہتھکڑی پہنانا، میڈیا میں تشہیر اور ثبوت کے بغیر قید کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے جبکہ شریک ملزم کی دوسرے ملزم کے خلاف شہادت معتبر نہیں ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وعدہ معاف گواہ اعتراف جرم کے بعد خود سزا کا حقدار ہے۔ آرڈیننس کی دفعہ 26 کے تحت شریک ملزم کو وعدہ معاف گواہ بنانا درست نہیں ہے۔

اس کے علاوہ نیب آرڈیننس میں پلی بارگین کی اجازت دینے کو بھی اسلامی احکامات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ الزام ثابت ہونے تک ملزم کے ساتھ مجرم والا سلوک جائز نہیں ہے۔

نیب آرڈیننس سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی آرا پر مبنی اعلامیے کے مطابق دفعہ 14 ڈی اسلامی احکامات کے منافی ہے، اس کے تحت کرپشن کا الزام لگنے کے صفائی پیش کرنا ملزم کا کام ہے۔ اسلامی احکامات کے مطابق بار ثبوت الزام لگانے والے پر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات کوغیر شرعی قرار دیدیا

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات کوغیر شرعی قرار دے دیا تھا۔ چیئرمین قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ نیب قانون کو دین اسلام کے جرم وسزا کے قوانین سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

قبلہ ایاز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب آرڈیننس کی دفعات 14 ڈی، 15 اے اور 26 غیر اسلامی ہیں۔ وعدہ معاف گواہ بننا اور پلی بارگین کی دفعات غیر اسلامی ہیں جبکہ ملزم کو زیادہ وقت کیلئے زیر حراست رکھنا اور تشہیر کرنا غیر شرعی ہے۔

قبلہ ایاز نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کی لاش کو ڈی چوک میں لٹکانا عدالتی فیصلہ نہیں، جج کی آرا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ بچوں پر جنسی تشدد کے سدباب کے لیے خصوصی پولیس سٹیشن یا خصوصی سیل قائم کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  آج تک مذہبی طبقات کو اسلامی نظریاتی کونسل سے کوئی رہنمائی نہیں ملی 

خیال رہے کہ اس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا تھا کہ آج تک مذہبی طبقات کو اسلامی نظریاتی کونسل سے کوئی رہنمائی نہیں ملی، ایسے ادارے پر کروڑوں روپے خرچ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو کی اشد ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اسلامی نظریاتی کونسل کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات ہیں، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور انتہائی جید لوگ اس ادارے کو سنبھالیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کی کارکردگی پوچھنے کا حق رکھتے ہیں، فواد چودھری

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والا ادارہ ہے، ٹیکس دینے والے ادارے کی کارکردگی کا پوچھنے کا حق رکھتے ہیں۔

 

لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آرمی ایکٹ پر اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس پر مثبت بات چیت جاری ہے۔
 

 

Advertisement