نیب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا خراج تحسین

Last Updated On 23 January,2020 09:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں قومی احتساب بیورو کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق اکیاون سالہ عدالتی تجربہ رکھنے والے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر نگرانی بدعنوانی کے تدارک کیخلاف نیب کی پالیسیاں متاثر کن ثابت ہوئیں، جن میں متعارف کروایا گیا کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم سسٹم سرفہرست رہا۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کے اقدامات بدعنوانی کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں امید کی شمع کے طور پر جلتے رہے۔ رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مثالی اور جرات مندانہ قیادت میں کارکردگی کے اعتبار سے بہتر نتائج حاصل کر کے ادارے میں ایک نئی روح پھونکی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اجتماعی سوچ، مربوط تحقیقاتی اور اصلاحتی نظام متعارف کر اکے ادارے کی ساکھ اور اعتماد بڑھانے میں مثالی کام کیا گیا۔ نیب نے بدعنوان عناصر سے 153 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے اور 530 ریفرنسز عدالتوں کو بجھوائے۔

نیب کیسز میں احتساب عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزاؤں کا تناسب 70 فیصد رہا۔ عوام الناس کو کرپشن کی لعنت سے بچانے کے لئے نیب کی چلائی گئی میڈیا مہم بھی قابل تعریف رہی جس سے عوام کو کرپشن کیخلاف آگاہی ملی۔

بین الاقومی طور پر بدعنوانی میں اضافہ نظر آیا تاہم انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کیلئے نیب کے اقدامات مشعل راہ کے طور پر نمایاں ہوئے ہیں۔ بدعنوانی کے پھیلاؤ میں دیگر عوامل بھی کردار ادا کرتے ہیں جن کا بلا واسطہ اثر کرپشن انڈیکس پر اثر انداز ہوتا ہے۔ تاہم نیب سارک ممبر ممالک کیلئے بھی قابل تقلید کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2018 کی نسبت 2019 کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
 

Advertisement