فیصل واؤڈا کی نا اہلی، الیکشن کمیشن میں سماعت 3 فروری کو ہوگی

Last Updated On 25 January,2020 11:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نا اہلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا۔

امن ترقی کے چئرمین فائق شاہ نے موقف اپنایا کہ فیصل واؤڈا کو جعلی حلف نامہ جمع کروانے پر نااہل کیا جائے۔ کیونکہ ایم این اے صادق اور امین نہیں رہے، سپریم کورٹ دوہری شہریت رکھنے پر 2 سینٹرز کو نا اہل قراردے چکی ہے۔

الیکشن کمیشن میں فیصل واؤڈا کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت 3 فروری کو ہو گی، الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمع کروایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔

فیصل واؤڈا نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حلفاً کہا کہ وہ صرف پاکستانی شہری ہیں تاہم دستاویزات سے ثابت ہوا جب انہوں نے کاغذات جمع کرائے وہ امریکی شہری بھی تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قانونی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ثابت ہوجائے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت وہ امریکی شہری تھے تو نااہل ہوجائیں گے۔