لاہور: (دنیا نیوز) سیکرٹری صحت عثمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں، کرونا وائرس سے متعلق ابھی تک کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔
سیکرٹری صحت پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سروسز اسپتال میں داخل مریضوں سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تین مشتبہ مریضوں کو الگ کر کے مزید تشخیص کی جا رہی ہے، کرونا وائرس کا کوئی علاج نہیں، لوگ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکیموں اور ٹوٹکوں کا استعمال نہ کریں۔
کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کا کہنا تھا پنجاب حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے، پنجاب حکومت کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کی صلاحیت پیدا کر رہی ہے۔
ادھر چینی باشندوں کیلئے قائم ہسپیشل پروٹیکشن یونٹ نے آئی جی پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں ڈی جی میڈیکل ہیلتھ سروسز سے کرونا وائرس کیلئے ایمرجنسی اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں ان خدشات کا اظہار کیا گیا ہے کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکار کرونا وائرس کا شکار ہو سکتےہیں۔ ڈی جی میڈیکل ہیلتھ سروسز پنجاب وائرس سے بچنے کیلئے تجاویز دیں۔
دوسری جانب کرونا وائرس کے باعث لاہور اورنج لائن ٹرین کا کام بھی متاثر ہونے لگا۔ چائنیز کمپنی نے منصوبے پر کام کرنے والے چائنیز ورکرز کو فی الفور کام سے روک دیا ہے۔
میٹرو اورنج ٹرین منصوبے پر 450 چائنیز انجینئر اور ورکرز کام کر رہے ہیں جن کی رہائش کیلئے تین کیمپ بنائے گئے ہیں۔ چائنیز کمپنی کی درخواست پر چائنیز ملازمین کے کرونا ٹیسٹ بھی شروع کئے گئے ہیں، ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد انہیں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔