ایل این جی کیس: شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کی درخواست دائر کر دی

Last Updated On 01 February,2020 03:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں وزارت قانون اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست بیرسٹر ظفر اللہ خان کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ تمام تر ریکارڈ حکومت اور نیب کے پاس ہے، درخواست گزار سے کوئی ریکارڈ ریکور ہونا باقی نہیں، ٹرائل کورٹ جب بھی طلب کرے گی پیشی یقینی بنائی جائے گی، نیب بادی النظر میں کوئی کیس بنانے میں ناکام رہا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نیب نے کیس میں عبوری ریفرنس دائر کیا، جس کی کاپی تاحال فراہم نہیں کی گئی، نیب نے 191 دن سے حراست میں رکھا ہوا ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔
 

Advertisement