اربوں دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات سستی کی جائیں، وزرا کی ریلیف پیکج پر تنقید

Last Updated On 11 February,2020 11:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی کے سدباب کیلئے حکومت کی جانب سے 15 ارب کے ریلیف پیکج پر متعدد وزرا نے تنقید کی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں متعدد وزرا نے رائے دی کہ ریلیف پیکج دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں۔ تاہم تنقید کے باجود یوٹیلٹی سٹورز کیلئے 15 ارب کا ریلیف پیکج منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر دالوں کی قیمت پر 15 سے 20 روپے فی کلو رعایت دی جائے گی۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 805 روپے میں دستیاب ہوگا۔ چینی کا سرکاری نرخ 70 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ کھانے کا تیل 175 روپے فی کلو میں ملے گا۔

اس کے علاوہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 50 ہزار منی یوٹیلٹی سٹورز کیلئے قرض دیے جائیں گے۔ ان سٹورز پر اشیائے خورونوش سرکاری ریٹ پر مہیا کی جائیں گی۔

وفاقی کابینہ نے نجی شعبے کو چینی درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ نجی کمپنیاں ریگولیٹری ڈیوٹی ادا کرکے چینی درآمد کر سکیں گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کھاد کی کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں کم نہ کرنے پر برہم ہوئے اور کہا کہ وزارت تجارت کھاد کمپنیوں کو مقررہ ریٹ کا پابند بنائے۔ میں کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا معاملہ روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کروں گا۔ مافیا کی سہولت کاری کرنے والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔

دوسری جانب عوام نے یوٹیلٹی سٹورز پر پندرہ ارب روپے کا پیکج مسترد کرتے ہوئے اشیائے خورونوش کے معیار پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری سٹورز پر سبسڈی دینے کا کوئی فائدہ نہیں، حکومت عام مارکیٹ میں آٹا، چینی اور دالیں سستی کرے، حکومتی اقدامات آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ہیں۔

ادھر وفاقی کابینہ اجلاس میں حج پالیسی 2020ء کی بھی منظوری دے دی گئی۔ رواں سال 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ گزشتہ سال کی نسبت حج اخراجات میں اکاون ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 4 لاکھ 80 ہزار سے 4 لاکھ 90 روپے اخراجات آئیں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے بتایا کہ کابینہ نے حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے، جو اضافہ ہو رہا ہے وہ ائیر لائنز کے کرایوں اور ڈالر کی قدر کی وجہ سے ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رواں سال ستر سال سے زائد عمر کے دو ہزار افراد بغیر قرعہ اندازی کے حج کریں گے، اس سے پہلے عمر کی حد 80 سال تھی۔