متاثرین الکبیر ٹاؤن نے انصاف کی فراہمی کیلئے ڈی جی ایل ڈی اے کو درخواست دیدی

Last Updated On 19 February,2020 06:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عوام کی جیب سے اربوں روپے نکلوانے کے باوجود الکبیر ٹاؤن انتظامیہ کا لالچ ختم نہیں ہوا۔ سکیم کا فیز ٹو بنانے کیلئے لوگوں کی ذاتی زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات شروع کر دی ہیں۔ متاثرین الکبیر ٹاؤن نے انصاف کی فراہمی کے لئے ڈی جی ایل ڈی اے کو درخواست دیدی۔

تفصیل کے مطابق رائیونڈ روڈ موضع رائی میں واقع الکبیر ٹاؤن انتظامیہ نے پہلے سادہ لوح شہریوں کو لوٹا۔ عوام سے اربوں روپے بٹورنے کے باوجود بھی جی نہیں بھرا تو اب غیر قانونی فیز ٹو بنانے کیلئے پرائیوٹ زمین پر ہی تعمیرات شروع کر دی ہیں۔

غیر قانونی تعمیرات پر متاثرین الکبیر ٹاؤن نے ڈی جی ایل ڈی اے کوکارروائی کے لیے درخواست دیدی ہے۔ ڈی جی آفس میں دی گئی درخواست کا ڈائری نمبر 1331 ہے جو حسنین شکور کی جانب سے الکبیر ٹاؤن کے خلاف ڈی جی ایل ڈی اے کو جمع کروائی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سائل ایک کنال 12 مرلے اراضی کا مالک ہے۔ چیئرمین الکبیر ٹاؤن اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں۔ عدالت کی جانب سے اراضی پر تعمیرات نہ کرنے کا حکم امتناعی جاری کیا گیا ہے، مگر وہ اپنی طاقت کے بل بوتے پر ناجائز تعمیرات کرنے پر بضد ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الکبیر ٹاؤن کے مالک چودھری اورنگزیب کو عدالتی حکم کے مطابق غیر قانونی تعمیرات سے روکا جائے۔ درخواست وصولی کے بعد ڈی جی ایل ڈی اے نے چیف میٹروپولیٹن پلانر کو مزید کاروائی کے لیے درخواست بھیج دی ہے۔